ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کی آج سے رجسٹریشن شروع

ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کی آج سے رجسٹریشن شروع
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (ویب ڈیسک) تاجر دوست سپیشل پروسیجر 2024ء کے تحت تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن کا آج سے آغاز ہو گا۔

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر دوست سپیشل پروسیجر 2024ء کا نوٹیفکیشن ہفتے کے روز جاری کیا تھا جس کے مطابق خصوصی سکیم کا اطلاق چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز، مینوفیکچررز کم ریٹیلرز اور امپورٹر کم ریٹیلرز پر ہو گا۔

تاجر دوست سپیشل پروسیجر 2024ء کے تحت تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن آج یکم اپریل سے شروع ہو گی، ابتدائی طور پر رجسٹریشن کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کی جائے گی، تاجر، دکاندار موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرا سکیں گے، رجسٹریشن ٹیکس سہولت سینٹروں کے ذریعے بھی ہو سکے گی، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 اپریل 2024ء رکھی گئی ہے۔

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی 15 جولائی 2024ء سے کی جائے گی، ایڈوانس انکم ٹیکس کی 15 جولائی کے بعد ہر ماہ کی 15 تاریخ کو وصولی ہو گی، تاجروں اور دکانداروں کیلئے کم از کم ایڈوانس ٹیکس 1200روپے ہو گا۔