(عثمان علیم)صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ، رمضان پیکج اور رمضان بازاروں بارے بریفنگ، 313 رمضان بازاروں میں 800 سیل پوائنٹس لگانے کا فیصلہ ، دس کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں دستیاب ہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت رمضان پیکج پر سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں رمضان بازاروں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ رمضان بازار میں دس کلو آٹے کا تھیلا 375روپے میں دستیاب ہوگا،پنجاب حکومت آٹے کے فی تھیلے پر صارف کو 150روپے کی سبسٹڈی دے گی،عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق پنجاب میں رمضان کے دوران عوام کو رمضان بازاروں میں آٹے، گھی، کوکنگ آئل و اشیائے خورد نوش پر سبسٹڈی دی جا ئےگی۔
علاوہ ازیں چینی،چکن، انڈے اور سبزیاں بھی کم نرخوں پر مہیا ہو ں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،بہترین انتظامات کے لیے انتظامیہ اورتمام متعلقہ اداروں کو آن بورڈ کیا جائے گا،صوبائی وزراء مختلف اضلاع میں رمضان بازاروں کا معائنہ کرینگے،رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، اجلاس میں وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی، چیف سیکرٹری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہورہا ہے جبکہ رمضان المبارک کی بھی آمد آمد ہے،رمضان المبارک 2021 کے دوران مسجد الحرام میں عبادت کو محفوظ بنانے کے لئے نئے کورونا ایس او پیز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔حرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نئے کورونا ضابطوں کے تحت حرم شریف میں افطاری کی تقسیم پر پابندی ہوگی جبکہ اعتکاف بھی معطل رہے گا۔