(علی رامے)کورونا کو شکست دینے کے لئے حکومت نے بڑا اقدام کر لیا پنجاب حکومت نے عوام کو وائرس سے بچانے کے لیے کورونا ویکسین کی دس لاکھ ڈوز کی خریداری کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈ کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں کورونا ویکسین کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے وزیر اعلی کو بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزداد نے کرونا ویکسین کی خریداری پر ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈ کی منظوری دی ہے۔
یہ فنڈ نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی مختص کیے جائیں گے جس سے پنجاب حکومت عوام کو رونا سے تحفظ دینے کے لیے ویکسین کی خریداری کرے گی۔شہریوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے وسیع پیمانے پر ویکسین خریدی جائے گی۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت پورے ملک میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ گئی ہے جس سے جہاں عام شہریوں کو خطرات لاحق ہیں اور قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں وہیں ایوان وزیر اعلی پنجاب کا دفتر بھی کورونا کے نشانے پر آ گیا، ایک ہفتے میں دو ملازمین کورونا سے جاں بحق ہو گئے۔ وزیر اعلی کے پروٹوکول افسر حامد رضا اور ویٹر جاوید کورونا سے جاں بحق ہوئے ایک ہفتے کے دورانیہ میں دس سے زائد ملازمین میں کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ایوان وزیر اعلی کی انتظامی کے علاوہ دیگر ملاقاتوں کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔