عرفان ملک:لاہور میں خطرناک ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس نے ماہ اگست کے دوران ون ویلنگ میں ملوث 127 افراد کو گرفتار کرکے 109 مقدمات درج کیے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ون ویلنگ میں ملوث 1058 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں، جبکہ مختلف واقعات پر 990 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ ون ویلنگ اور ریسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ون ویلنگ کے ہاٹ اسپاٹس پر پٹرولنگ ٹیموں کی تعیناتی یقینی بنانے اور ماضی میں ون ویلنگ میں ملوث افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
سی سی پی او لاہور نے نوجوانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ون ویلنگ اور موٹر سائیکلوں میں غیر قانونی آلٹریشن سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو شہریوں میں محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق مؤثر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔