عابد چودھری: سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک روز قبل چوری ہونے والی گاڑی برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق دورانِ ڈیوٹی اہلکاروں نے ایک گاڑی کو خطرناک انداز میں چلتے ہوئے دیکھا، جس پر اسے مشکوک جانتے ہوئے تعاقب کیا گیا۔ ایس پی ٹریفک صدر ظفر عباس نقوی نے کارروائی کی نگرانی کرتے ہوئے گاڑی کو روک لیا۔
گاڑی کا ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اسے ایک روز قبل چوری کیا گیا تھا۔ تصدیق ہونے پر ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
بعد ازاں گرفتار ملزم کو برآمد ہونے والی چوری شدہ گاڑی سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں مشکوک گاڑیوں اور افراد کی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔