سٹی 42: جمہوریہ بیلاروس کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے، جس کی قیادت مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور دفاع کے پہلے نائب وزیر میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ کر رہے تھے، ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دفاعی تعاون، عسکری روابط، مشترکہ تربیت، دفاعی صنعت اور جدید فضائی و خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے خودانحصاری، جدید دفاعی صلاحیتوں اور مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے دفاعی صنعت، تکنیکی اشتراک اور مشترکہ مشقوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیلاروسی وفد کے سربراہ میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے دفاع، فضائی و خلائی شعبوں اور تربیتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون مستقبل میں مثبت اور دیرپا نتائج دے گا۔
وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی اور اسے جدید تحقیق، اختراع اور فضائی و خلائی صنعت کی ترقی کے لیے ایک اہم مرکز قرار دیا۔
بیلاروسی دفاعی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کے مزید استحکام اور دفاع و ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔