جنید ریاض: لارنس روڈ پر واقع سینٹ اینتھونی ہائیر سیکنڈری سکول میں رنگا رنگ ثقافتی میلے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پنجاب کی روایتی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ میلے میں مختلف سٹالز لگائے گئے جہاں علاقائی روایات اور ثقافتی ورثے کی جھلک نمایاں نظر آئی۔
طلبا و طالبات نے بھنگڑا، گِدّا اور دیگر لوک رقص پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی، جبکہ شرکاء نے روایتی لباس پہن کر میلے کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ میلے میں روایتی کھانوں اور مہندی کے سٹالز بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب میں سکول کے پرنسپل فادر بشارت سراج نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایسے ثقافتی میلوں سے طلباء میں حب الوطنی اور اپنی ثقافت سے جڑاؤ کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
میلے کے دوران کبڈی اور رسہ کشی کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جنہوں نے طلباء میں جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا۔