(زاہد چوہدری) ٹیچنگ اور سرکاری ہسپتالوں میں محفوظ انتقال خون کا منصوبہ ٹھپ، صوبے بھر کے130 بلڈ بنکوں میں مریضوں کو خون لگانے سے پہلے ایڈز ، ہیپاٹائٹس بی اور سی کی سکریننگ کیلئے الائیزا تکنیک متعارف کرانے کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز ہی فراہم نہیں کئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق بلڈ ٹرانسفیوژن سروس پنجاب کی جانب سے ٹیچنگ اور سرکاری ہسپتالوں کے بلڈ بنکوں میں محفوظ انتقال خون کیلئے الائیزا تکنیک متعارف کرانے کا منصوبہ تشکیل دیا گیا، لیکن حکومت کی جانب سے اس منصوبے کیلئے درکار50 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے ۔ ٹیچنگ اور سرکاری ہسپتالوں میں محفوظ انتقال خون کیلئے سرکاری ہسپتالوں کے بلڈ بنکوں میں ریپڈ ٹیسٹنگ تکنیک کے ذریعے سکریننگ کی جاتی ہے جس میں غلطی کے امکانات ہوتے ہیں۔اسی وجہ سے ریپڈ ٹیسٹنگ کو دنیا بھر میں محفوظ انتقال خون کیلئے قابل بھروسہ سکریننگ تکنیک تصور نہیں کیا جاتا۔
بلڈ ٹرانسفیوژن سروس کی جانب سے اس غیر محفوظ طریقہ کو ترک کر کے محفوظ انتقال خون کو یقینی بنانے کیلئے الائیزا تکنیک کے ذریعے مریض کو بلڈ ٹرانسفیوژن سے قبل ایڈز ، ہیپاٹائٹس بی اور سی کی سکریننگ کا منصوبہ تشکیل دیا گیا جس کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز درکار ہیں ۔ لیکن حکومت نے محفوظ انتقال خون کے منصوبے کیلئے فنڈز ہی فراہم نہیں کئے۔