ڈاکٹر ظفر مرزا ، تانیہ ایدروس مستعفی

ڈاکٹر ظفر مرزا ، تانیہ ایدروس مستعفی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:ایک روز میں دو استعفے ،وزیر اعظم کے  معاونین  خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس مستعفی ہوگئے۔

چند روز قبل وزیر اعظم کے معاونین اور مشیروں کے اثاثوں کی تفصیلات کابینہ ڈویژن کی ویب سائیٹ پر جاری کی گئی تھیں تو ایک نئی بحث نے جنم لیا کہ وزیراعظم عمران خان کے 15 معاونین خصوصی میں سے 5 دوہری شہریت کے حامل ہیں اور اس میں کئی بڑے نام سامنے آئے تھے۔ تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ معاون خصوصی نیشنل سکیورٹی ڈویژن معید یوسف کی امریکہ میں رہائش ، شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈراورکروڑوں روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس کے پاس کینیڈا اور سنگاپورکی شہریت ہے۔


میڈیا کے علاوہ عوام میں بھی یہ بحث عام ہوئی کہ دوہری شہریت رکھنے والے مشیرو ں اور معاونین کو ان عہدوں کا کوئی حق نہیں جس پر شہباز گل سمیت کچھ مشیروں کے اپنی صفائی میں دیے گئے بیان سامنے آئے تھے۔اب ایک نئی خبر سامنے آئی ہے کہ تانیہ ایدروس نے معاون خصوصی کی حیثیت سے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔انکا کہنا ہے کہ میری دوہری شہریت پر سوال اٹھائے گئے اس لیے عوامی مفاد میں معاون خصوصی کی حیثیت سے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے اور میں اپنی تمام ترصلاحیتوں کے ساتھ ملک کی خدمت کرتی رہوں گی۔

دوسری جانب ڈاکٹر ظفر مرزا نے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمانداری سے کام کیا ،اپنے آپ پر مطمئن ہوں ،ڈبلیو ایچ او کی نوکری چھوڑ کر پاکستان آیا تھا۔

یاد رہے کہ تانیہ ایدر وس سنگاپور میں واقع گوگل کے علاقائی ہیڈ آفس میں اہم پوزیشن پر فائز تھیں اور وہ گزشتہ سال دسمبرمیں اپنی پرکشش نوکری چھوڑ کر پاکستان آئی تھیں جب انہیں ڈیجیٹل پاکستان وژن پروگرام کا ہیڈ بنایا گیا تھا۔بعدازاں رواں سال فروری کے آخر میں ڈیجٹیل پاکستان وژن کی سربراہ تانیہ ایدرس کو وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی بنا دیا تھا۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer