عابد چودھری:ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر باغبانپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سول ڈیفنس کے جعلی ملازمین بن کر دکانداروں سے مبینہ بھتہ وصول کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حذیفہ، رضوان اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو خود کو سول ڈیفنس کا ملازم ظاہر کرکے باغبانپورہ کے علاقے میں دکانداروں سے رقم وصول کرتے تھے۔
پولیس نے ملزمان کو مشکوک جان کر چیک کیا تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ تلاشی کے دوران ملزمان کے قبضے سے سول ڈیفنس کے جعلی کارڈز بھی برآمد ہوئے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔