وقاص احمد:شادمان پولیس نے خواتین سے چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں ملوث باپ بیٹے پر مشتمل مبینہ گینگ کے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ٹریس کیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرتے ہوئے انہیں مکہ کالونی سے گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت طیب اور شیراز کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں باپ بیٹے نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر سنیچر گروپ بنا رکھا تھا اور گلبرگ، شادمان اور گردونواح کے علاقوں میں خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے پرس اور قیمتی اشیا چھینتے تھے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزمان نے دو روز قبل ایک ہی دن میں 3 خواتین سے پرس چھینے تھے۔ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے نقدی، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔