کلیم اختر:پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں مضر صحت اشیاء تیار کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ناقص خام مال سے گولی ٹافیاں بنانے والا یونٹ بند کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ نے ٹیم کے ہمراہ راوی ٹاؤن میں کریک ڈاؤن کیا، جہاں ایک یونٹ میں کھلے رنگوں، کیمیکلز اور ناقص خام مال سے ٹافیاں تیار کی جا رہی تھیں۔
کارروائی کے دوران تقریباً 8 ہزار کلو تیار مضر صحت ٹافیاں موقع پر ہی تلف کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق پروسیسنگ ایریا میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص تھی، گندا پانی کھڑا تھا اور اشیاء پر مکھیوں کی بھرمار پائی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ یونٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، جبکہ ضروری ریکارڈ کی بھی کمی پائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی مضر صحت اشیاء کی تیاری یا فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔