ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں دہشتگردوں کی جانب سے چھوڑے گئے بارودی مواد کے دھماکے سے 3 معصوم بچے شہید اور 5شدید زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دلخراش واقعہ لغڑئی کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مقامی بچے کھیلتے ہوئے دہشتگردوں کے بچھائے گئے بارودی مواد کے قریب چلے گئے، جو اچانک پھٹ گیا۔
پاک فوج نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور کے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج ماہر فوجی ڈاکٹروں کی نگرانی میں جاری ہے۔ واقعے کے بعد مقامی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فتنۂ الخوارج کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں کوئی نئی بات نہیں۔ ماضی میں بھی یہ عناصر مساجد، گھروں اور شہری آبادیوں کو ڈھال بنا کر ایسی کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے واضح ہوتا ہے کہ علاقے میں دہشتگردوں نے بارودی سرنگوں اور مواد کے خطرناک جال بچھا رکھے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں وادیٔ تیراہ میں بھی خوارج کی جانب سے چھوڑا گیا بارودی مواد پھٹنے سے کئی معصوم شہری شہید جبکہ 14 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 17 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔ کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مقامی آبادی کے تعاون سے باجوڑ اور دیگر متاثرہ علاقوں کو ان دہشتگردوں اور ان کے بارودی جالوں سے مکمل پاک کرنے کے لیے مربوط کارروائیاں جاری رکھیں گے۔