وقاص احمد: ہڈیارہ کے علاقے میں لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 30 سالہ عبدالوہاب زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہڈیارہ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں عبدالوہاب کے بائیں پاؤں پر گولی لگی، جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی عبدالوہاب کا علاج معالجہ جاری ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق متاثرہ شہری کے والد محمد الیاس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں ملزمان امداد، شفیق، فیصل اور طلال کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او ہڈیارہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔