ویب ڈیسک؛ لاہور کے شرقپور روڈ پر واقع میرج ہال میں شادی کی تقریب کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے زیورات چوری کر لیے گئے۔ واردات کی کلوز سرکٹ کیمروں نے ریکارڈ کر لی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واردات گزشتہ رات ہوئی جب بارات میرج ہال میں داخل ہوئی۔ ایک کم عمر لڑکا سوٹ پینٹ میں ملبوس ہو کر مہمانوں کے درمیان سے گزرتا ہوا سٹیج کے قریب پہنچا اور قیمتی زیورات کا سیٹ چوری کر کے فرار ہو گیا۔ ہال میں موجود ایک شخص نے چور کا پیچھا کیا مگر ملزم سفید گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے نکل گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا ساتھی گاڑی میں موجود تھا۔
کلوز سرکٹ فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی کوشش جاری ہے اور پولیس نے یقین دلایا ہے کہ اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔