طلحہ اشرف: عید الفطر قریب آنے کے ساتھ ہی شہریوں کو نئے نوٹ حاصل کرنا ایک مشکل ترین کام بن گیا ہے۔ بینکوں کی انتظامیہ کی طرف سے ٹال مٹول کی جا رہی ہے اور نئے نوٹ دینے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جا رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں بینکوں سے نئے نوٹ نہیں مل رہے، جس سے عید کی تیاریوں میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ نئے نوٹوں کی ایک کاپی پر اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے۔ 10 روپے کے نوٹ کی ایک کاپی پر 600 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں، 50 روپے کے نوٹ کی کاپی پر 1500 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ 100 روپے کے نوٹ کی کاپی 11,500 روپے میں مل رہی ہے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اسٹیٹ بینک نئے نوٹوں کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ وہ عید کی خریداری کے دوران پریشانی سے بچ سکیں اور نئے نوٹ حاصل کر سکیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بینکوں کی انتظامیہ کو اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا چاہیے تاکہ عید کی خوشیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔