لوئر مال (علی رامے) اعلیٰ افسروں نے ایگزیکٹو الاؤنس کی آڑ میں 86 کروڑ سے زائد رقم خرچ کردی، بیوروکریسی کی جانب سے منظور شدہ بجٹ سے ہٹ کر تنخواہوں کیساتھ ایک ارب 77 کروڑ 31 لاکھ لینے کا انکشاف ہوا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اعلیٰ افسروں کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری دی گئی تھی، رواں سال ایگزیکٹو الاؤنس کی مد میں 90 کروڑ 48 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔بیوروکریسی نے ایک سال میں منظور شدہ بجٹ سے ہٹ کر تنخواہوں کیساتھ ایک ارب 77 کروڑ 31 لاکھ روپے لیے،بیوروکریسی نے 86 کروڑ 82 لاکھ روپے اضافی خرچ کیے، گریڈ 17 سے 22 تک کے افسروں کوایگزیکٹو الاؤنس دیا جارہا ہے جبکہ آئندہ نئے مالی سال میں افسروں کے ایگزیکٹو الاؤنس کیلئے ایک ارب 32 کروڑ روپے بھی منظور کرلیے گئے ۔
محکمہ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے رواں سال گریڈ 17 سے 19 کے آفیسرز کو اب ایگزیکٹو الاؤنس دینا شروع کیا، اس کی منظوری کابینہ سے لی گئی، جس کے باعث رقم میں اضافہ ہوا ہے، الاؤنس مختص شدہ رقم کے مطابق ہی خرچ ہوگا۔