لاہور سے میگا بجٹ فلموں کا آغاز

لاہور سے میگا بجٹ فلموں کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائل پارک (زین مدنی )شہر لاہور سے بھی میگا بجٹ کی فلموں کاآغاز ہوگیا ہے اور جلد ہی یہ فلمیں سیٹ کی زینت بنیں گی۔ کراچی میں فلموں کی تیاری کے بعد شہر لاہور سے بھی فلمساز اور ڈسٹری بیوٹر ادارے سرگرم ہوگئے اور لاہور سے فلم سازی دوبارہ سے شروع ہونے لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں فلموں کی تیاری کے بعد شہر لاہور سے بھی فلمساز اور ڈسٹری بیوٹر ادارے سرگرم ہوگئے اور لاہور سے فلم سازی دوبارہ سے شروع ہونے لگی ہے۔ اس سلسلے میں معروف تقسیم کار کمپنی آئی ایم جی سی اور کامران فلمز نے میگا بجٹ کی فلم ''سوری بابا ''بنانے کی تیاری شروع کردی ہیں جس کے مصنف و ہدایتکار نسیم وکی ہوں گے اور فلم میں اداکاری بھی کریں گے۔جبکہ اس فلم میں اداکارہ سجل علی، مایا علی،نیلم منیر ،اکرم اداس ،آغا ماجداور دیگرفنکار شامل ہوں گے۔

اسی طرح فلمساز غفور بٹ نے ہدایتکارفیصل بخاری کے ساتھ مل کر فلم ''راجہ مہاراجہ ''بنانے کی تیاری شروع کردی ہے جس کی کاسٹ میں بھی نسیم وکی، اکرم اداس،آغاماجد ،شہزاد غفور بٹ سمیت دیگر فنکار شامل ہیں اور کون سی ہیروئن فلم کا مرکزی کردار ادا کریں گی اس سلسلے میں تاحال کوئی حتمی نام سامنے نہیں آسکا۔

دوسری جانب ہدایتکار ارشد خان نے میگا بجٹ کی فلم '' غنڈے''کا اعلان کردیا ہے جس میں اداکار معمر رانا اور پشتو فلموں کے نامور اداکار شاہد خان مرکزی کردار ادا کریں گے۔فلمساز طاہر گجر نے بھی اپنی نئی فلم ''بشیرا گجر''بنانے کا اعلان کیا ہے جس کی عکس بندی تین اکتوبر سے شروع ہورہی ہے۔

اس فلم کے ہدایتکار مسعود بٹ المعروف سودی بٹ ہوں گے اور فلم کا مرکزی کردار معمر رانا نبھائیں گے۔ فلم کی بقیہ کاسٹ اور میوزک پر ان دنوں کام کیا جارہا ہے۔یہ تمام فلمیں معیاری کاسٹ کے ساتھ میگا بجٹ کی فلمیں ہیں جو آئندہ سال میں نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔

Shazia Bashir

Content Writer