سٹی42: دلیر چور وزیرِ تعلیم کی سرکاری گاڑی چرا کر لے گئے۔
راولپنڈی میں گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم کی سرکاری گاڑی چوری کی واردات کو سی سی ٹی وی کیمرہ نے بھی ریکارڈ کر لیا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور سی سی ٹی وی کیمرہ کی موجودگی سے آگاہ تھے۔ انہوں نے چہرے چھپانے کے لئے ماسک اوڑھ رکھے تھے۔
ماسک پہنے دوموٹر سائیکل سوار چوروں نے پہلے چکر میں گاڑی کے ارد گرد کے ماحول کا جائزہ لیا، اس کے بعد ایک شخص موٹر سائیکل پر اور ایک پیدل چلتے ہوئے سرکاری ویگو گاڑی کے پاس پہنچے ۔ پیدل آنے والے چور نے ویگو گاڑی کو باآسانی چابی لگا کر دروازہ کھولا گاڑی لے کر فرار ہو گیا۔
سرکاری گاڑی وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا کے زیر استعمال تھی۔
راولپنڈی میں موٹر سائیکل اور گاڑی چوری کی وارداتوں میں حالیہ چند ہفتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔