مال روڈ (سعدیہ خان) پورے ملک میں پایا جانے والا اپنی نوعیت کا واحد پرندہ کساوری چل بسا، کساوری کی عمر 56 سال تھی۔
کساوری کو لاہور چڑیا گھر کا سب سے معمر اور قدیم باسی ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا، لاہور چڑیا گھر کا کنوارہ پرندہ کساوری 56 سال کی عمر میں چل بسا، کساوری عام طور پر نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور پاپانیوگنی کے جزائر میں پایا جاتا ہے، پاکستان میں صرف لاہور کے چڑیا گھر کو اِس پرندے کا میزبان ہونے کا اعزاز حاصل تھا، یہ دوڑنے والا پرندہ 22 اکتوبر 1971ء میں تقریباً 6 سال کی عمر میں انگلینڈ سے لایا گیا اور یہ چڑیا گھر کا سب سے پرانا مکین تھا۔
یہ پرندہ ایک ہی وار میں اپنے پاؤں کے خنجر نما ناخن سے سامنے والے کا سینہ چاک کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا اور شاید اِس کے جارحانہ پن کے باعث ہی چڑیا گھر کی انتظامیہ اِس کے لیے آج تک جیون ساتھی کا انتظام نہیں کر سکی، کساوری کی اوسط عمر 45 سال تک ہوتی ہے، یہاں اچھی دیکھ بھال کے باعث اس نے اپنی زندگی کی 56 بہاریں دیکھی ہیں۔
واضح رہےکہ چڑیا گھر لاہور پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 1872ء میں قائم کیا گیا، یہ براعظم ایشیا کے بڑے چڑیا گھروں میں شمار کیا جاتا ہے،چڑیا گھر شروع میں چند پرندوں کی مدد سے شروع کیا گیا تھا جو لعل ماہندرا رام نے فراہم کیے تھے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا گیا، آج اس چڑیا گھر میں تقریباً 136 مختلف اقسام کے جانور ہیں جس میں سے 82 قسم کے 996 پرندے، 8 اقسام کے رینگنے والے 49 جانور اور 45 اقسام کے مما لیہ جانور شامل ہیں۔