ملک اشرف:علی رضا آباد میں یومِ عاشور کے موقع پر شبیہِ ذوالجناح کا مرکزی جلوس سید شبیر حسین شاہ کی امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں پر عقیدت و احترام کے ساتھ گامزن ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور فضا "یا حسینؑ" کی صداؤں سے گونجتی رہی۔ عزاداروں نے سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مزید تفصیلات کے مطابق اس موقع پر آغا قاسم اور مولانا حیدری نے مجالس سے خطاب کرتے ہوئے اہلِ بیتؑ کے مصائب بیان کیے جبکہ واقعۂ کربلا کے فلسفۂ قربانی، صبر اور استقامت پر روشنی بھی ڈالی۔
جلوس کے راستوں پر عزاداروں کی خدمت کے لیے پانی، دودھ اور مشروبات کی سبیلیں قائم کی گئیں جبکہ اہلِ علاقہ کی جانب سے نیاز بھی تقسیم کی گئی۔
جلوس کے شرکا کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق شبیہِ ذوالجناح کا جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت مسجد مریم پہنچے گا جہاں اختتامی مجلس اور دعا کا اہتمام کیا جائے گا۔