(درنایاب) پنجاب حکومت نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کیلئے چین کے ایشین انفراسٹرکچر بنک کی طرف سے 40 ارب کے سافٹ لون کی پیشکش ٹھکرادی۔ واسا حکام کی طرف سے ایشین انفراسٹرکچر بنک سے اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں نرم شرائط پر قرضہ ٹنل بورنگ پراجیکٹ اور سرفیس واٹر منصوبے کے لئے جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین انفراسٹرکچر بنک نے ویسٹ واٹر منصوبے کیلئے انتہائی آسان شرائط پر 40 ارب کا قرضہ دینے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا اور منصوبے کی سٹڈی کے لئے 7 لاکھ ڈالر مفت گرانٹ دینے کی پیشکش بھی کی تھی۔ قرضے کے سلسلے میں واسا اور ایشین انفراسٹرکچر بنک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ رواں ماہ قرضے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے جانے تھے۔ اس حوالے سے واسا حکام کی جانب سے منصوبے پر عالمی بنک کے لون سے تعمیر کی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔
بعدازاں پنجاب حکومت نے پانی کے ذخائر بڑھانے کیلئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بجائے ٹنل بورنگ ٹیکنالوجی اور سرفیس واٹر منصوبے پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایم ڈی واسا نے سرفیس واٹر منصوبے میں انویسٹمنٹ کے لئے بھی ایشین انفراسٹرکچر بنک کو مائل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ایشین انفراسٹرکچر بنک نے مذاکرات میں ویسٹ واٹر منصوبہ شامل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے۔