نواز شریف کی حالت تشویشناک، جسم پر خون کے دھبے بن گئے

 نواز شریف کی حالت تشویشناک، جسم پر خون کے دھبے بن گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (زاہد چودھری) سروسزہسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے،    پلیٹ لیٹس کی کمی کے باعث نواز شریف کے جسم پر خون کے دھبے بن گئے، میڈیکل بورڈ نے 5 روز تک نواز شریف کو امیونو گلو بین انجکشن لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیکل بورڈ  کے مطابق پلیٹ لیٹس کی کمی کی وجہ سےآج  نواز شریف کے جسم میں اندرونی بلیڈنگ ہوئی ہے، جس سے اُن کے جسم پر خون کے دھبے بن گئے،  نواز شریف کو 7 روز تک امیونو گلو بلین انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا گیا انہیں مجموعی طور پر 80 انجکشنز لگائے جائیں گے، انجکشنز کے ذریعے ان کے جسم میں اندرونی بلیڈنگ کو کم کرنے میں مدد ملے گی، نواز شریف کی رپورٹس مرتب کرلی گئیں۔

ماہر امراض ہیماٹالوجسٹ پروفیسر طاہر سلطان شمسی نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کا بون میرو جانچنےکیلئے ٹیسٹ کیا گیاجس سے پتہ چلا کہ بون میرو مکمل فنکشنل ہے، تاہم نوازشریف کی بیماری کا نام آئی ٹی پی ہے جو عموماً چھوٹے بچوں کو اور کچھ کیسز میں بڑی عمر کے لوگوں کو بھی ہو جاتی ہے، میاں نوازشریف کی بیماری کی تشخیص ہو گئی ہے اور یہ قابل علاج مرض ہے۔

  گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کا کہنا تھا کہ پلیٹ لیٹس بڑھانے کیلئے لگائے گئے انجکشنز کے اثرات  12گھنٹے بعد سامنے آئیں گے، نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو بھی میڈیکل بورڈ میں شامل کرلیا گیا۔

  میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کا بون میرو ٹیسٹ اور پیٹ سکین نہ کروانے کا فیصلہ کیا، ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم کو احتیاطً شیو اور برش کرنے سے روک دیا، میاں نوازشریف کو بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے عارضے بھی لاحق ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے  کہ نوازشریف کو ہونے والی مختلف بیماریاں علاج میں رکاوٹ کا باعث ہیں، سابق وزیراعظم کو پلیٹ لیٹس کی کمی میں سٹیرائیڈز نہیں دیئے جاسکتے۔

 بیرون ممالک کنسلٹنٹس نے بھی نوازشریف کی صحت کو تشویشناک قرار دے دیا، ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس برطانیہ ودیگر ممالک کے ڈاکٹرز کو بھجوائی ہیں، میڈیکل رپورٹس کے بعد بیرون ممالک کے ڈاکٹرز کی رائے کا انتظار ہے۔

 سروسز ہسپتال میں زیر علاج نواز شریف کی عیادت کیلئے لیگی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،ہسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لئے ہسپتال کے باہر لیگی کارکنوں نے دعائیہ کیمپ لگایا ہے،کیمپ میں نوازشریف کی عیادت کے لیے آنے والے لیگی رہنما اور کارکن بیٹھیں گے،کیمپ میں سابق وزیراعظم کی صحت کے لئے قرآن خوانی اور دعا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کو4 روز قبل جب ہسپتال لایا گیا تو ان کے پلیٹ لیٹس 16 ہزار تھے، پہلے ٹیسٹ کے بعد نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 10 ہزار رہ گئے، منگل کو پلیٹ لیٹس کی تعداد انتہائی کم ہو کر2 ہزار رہ گئی، پلیٹ لیٹس میں کمی کے بعد نواز شریف کو4 میگا یونٹس لگائے گئے ، منگل اور بدھ کی درمیانی رات پلیٹ لیٹس کی تعداد  25ہزارہوگئی تھی، بدھ کی دوپہر پلیٹ لیٹس میں دوبارہ کمی آئی اور7ہزاررہ گئے، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ٹیسٹ میں پلیٹ لیٹس 20 ہزار ہوگئے جس کے بعد  کل رات دوبارہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 2  ہزار ہوگئے تھے۔

Sughra Afzal

Content Writer