(ویب ڈیسک) سندھ اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہوگا۔
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے سندھ اسمبلی کا اجلاس آج سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت 11 بجے ہوگا، دونوں عہدوں کیلئے ووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے نامزد سپیکر سید اویس شاہ اور ڈپٹی سپیکر انتھونی نوید کے کاغذات درست قرار دے دیئے گئے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی نامزد سپیکر صوفیہ سعید شاہ اور ڈپٹی سپیکر راشد خان کے کاغذات بھی منظور کر لئے گئے۔
سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کیلئے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جائیں گے جبکہ انتخاب کل ہوگا، نومنتخب وزیر اعلیٰ اگلے روز اپنے منصب کا حلف لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے انتخابات ہوئے تھے جس کے تحت مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ملک احمد خان سپیکر اور ظہیر اقبال ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے ہیں