ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ڈینگی بخار کی روک تھام اور مینجمنٹ پر آگاہی سیمینار

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ڈینگی بخار کی روک تھام اور مینجمنٹ پر آگاہی سیمینار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 :فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ڈینگی بخار کی روک تھام اور مینجمنٹ پر آگاہی سیمینار کا انعقاد  کیا گیا ۔ 
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ طب کے زیرِ اہتمام ڈینگی بخار کی روک تھام، علاج اور کلینیکل مینجمنٹ کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کی سرپرستی چیف آرگنائزر پروفیسر بلقیس شبیر نے کی، جس میں ڈینگی کے مؤثر علاج، مینجمنٹ پروٹوکولز اور احتیاطی تدابیر پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اس اہم عوامی صحت کے مسئلے پر آگاہی پیدا کرنے کے لیے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
اپنے خطاب میں پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ سیمینار کا بنیادی مقصد ڈینگی بخار کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا، احتیاطی تدابیر کو عام کرنا اور ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معالجین کو خدمتِ انسانیت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا ڈاکٹر وہی ہوتا ہے جو مریض کی ہسٹری لینے کے فن میں مہارت رکھتا ہو، کیونکہ درست معائنہ، تشخیص اور علاج اسی کی بنیاد پر ممکن ہوتا ہے۔ انہوں نے پروفیسر بلقیس شبیر اور ان کی ٹیم کو کامیاب سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بلقیس شبیر نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں میں بروقت علامات کی شناخت، مکمل طبی معائنہ اور فوری علاج نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ابتدائی علامات کی پہچان مؤثر علاج اور پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
سیمینار میں ڈینگی بخار اور ڈینگی بخار  پر ماہرین کی جانب سے مختلف لیکچرز پیش کیے گئے، جن میں خاص طور پر حاملہ خواتین اور بچوں میں اس مرض کے کلینیکل مینجمنٹ پر توجہ دی گئی۔ ڈاکٹر ظفر نیاز، ڈاکٹر سعدیہ سلمان، ڈاکٹر کیرول روتھ، ڈاکٹر حنا ضمیر، ڈاکٹر بلال عظیم بٹ اور ڈاکٹر مریم عظیم نے شرکاء کو ڈینگی کی بروقت تشخیص، علامات، لیبارٹری ٹیسٹس، پلیٹلیٹس کی مانیٹرنگ اور جدید علاجی رہنما اصولوں سے آگاہ کیا۔
سیمینار میں پنجاب بھر کے 40 سے زائد اداروں سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین، فیملی فزیشنز، پوسٹ گریجویٹ طلبہ، ہاؤس آفیسرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سے قبل وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر خالد مسعود گوندل نے اکیڈمک کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق سر گنگا رام ہسپتال میں معیاری طبی سہولیات بہترین انداز میں فراہم کی جا رہی ہیں، اور شعبۂ متعدی امراض بہت جلد قائم کیا جائے گا۔ اکیڈمک کونسلاجلاس میں تمام شعبوں کے سربراہان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سر گنگا رام ہسپتال نے شرکت کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا اعادہ  کیا۔