لاہور کی سڑکوں پر کوڑے کے ڈھیر، بارش کے بعد تعفن پھیلنے لگا

garbage waste
کیپشن: garbage waste
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شہر بھر سے (کومل اسلم، فاران یامین، حسنین اولکھ) شہر کے دیگر علاقوں کی طرح حبیب اللہ روڈ پر بھی کچرے کے انبار لگ گئے ہیں، بچوں کے سکول کے بالکل سامنے کچرے کا پہاڑ بن گیا ہے، حبیب اللہ مین روڈ پر کچرا سڑک کی زینت بن گیا، کچرے کے باعث مین روڈ پھسلن کا شکار ہے، راہگیروں کو بھی گزرنے میں مشکل ہورہی ہے۔

 شہریوں کا کہنا ہے کچرا پڑا رہنا روز کا معمول بن گیا، انتظامیہ کوئی ایکشن نہیں لے رہی، علاقے میں تعفن کے باعث سانس لینا مشکل ہے، مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہوگئی، کچرا کنٹینرز میں سے باہر گرنے لگا، کنٹینرز کی حالت بھی خراب ہے لیکن انتظامیہ غائب ہے، شاہدرہ کا علاقہ پچیس نمبر سٹاپ کی حالت زار ابتر ہے، روڈ پر پانی جمع ہے، کئی روز سے کچرا نہ اٹھائے جانے کی وجہ سے بدبو اور تعفن سے علاقہ مکین پریشان ہیں، روڈ پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے پیدل اور سوار دونوں کو ہی مشکلات کا سامنا ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں انہیں روڈ سے گزرے میں زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کالونی میں صفائی کی صورتحال ناقص، علاقے میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگ گئے ، کچرے کے ڈھیروں سے اٹھنے والا تعفن شہریوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے لگا۔

مکہ کالونی میں کوڑے سے وبائی امراض اور بیماریوں کے پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ، آمد و رفت بھی متاثر ہو رہی ہے۔اہل علاقہ کہتے ہیں کہ ایل ڈبلیو ایم سی یا انتظامیہ کی جانب سے کوئی کوڑا اٹھانے نہیں آتا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لیتے ہوئے صفائی کرانے کی اپیل کی ہے۔

رائیونڈ روڈ بلال ٹاؤن میں کُھلے گٹر، جوہڑوں کا منظر پیش کرتی گلیاں اور تباہ حال سیوریج لائن کے باعث ناخوشگوار واقعات رونما ہونے لگے، سیوریج مسائل حل نہ کرنے پر بلال ٹائون کے مکین ضلعی انتظامیہ کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، مکین واسا اور ایل ڈی اے کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، مکینوں نے اعلی حکام سے مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔ 

شرقپور روڈ ایک عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سیوریج کا نظام جواب دے گیا ہے، ایک بارش کے بعد سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، ہچکولے کھاتی گاڑیوں کے حادثات معمول بن گئے، موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والوں کیلئے بھی سڑک سے گزرنا پل صراط پار کرنے کے مترادف ہے۔

شرقپور روڈ اہم شاہراہ کو ایک عرصہ سے نظرانداز کرنا انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایک بار ش نے شرقپور روڈ کو تالاب بنا دیا۔ پیدل چلنا تو ایک طرف گاڑیوں کا گزرنا بھی محال ہے۔ مکین نکاسی آب کا نظام بہتر کرنے کی دہائی دے رہے ہیں لیکن مجال ہے کوئی نوٹس لے۔

مکہ کالونی میں صفائی کی صورتحال ناقص ہے، علاقے میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگ گئے، کوڑا، کچرا، فضلہ اور گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والا تعفن شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے لگا، علاقے میں کوڑے سے وبائی امراض اور بیماریوں کے پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا، آمد و رفت بھی متاثر ہو رہی ہے۔

مکین کہتے ہیں کہ ایل ڈبلیو ایم سی یا انتظامیہ کی جانب سے کوئی کوڑا اٹھانے نہیں آتام شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لیتے ہوئے صفائی کی صورتحال برقرار رکھنے کی اپیل کر دی۔

Sughra Afzal

Content Writer