عمران یونس: پنجاب حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے صوبے کی جامعات کی درجہ بندی (Ranking) کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کی 60 سے زائد جامعات میں سے بہترین 10 جامعات کا تعین کیا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ صوبے میں یونیورسٹی رینکنگ کا باضابطہ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت 50 ملین روپے کی لاگت سے درجہ بندی کا میکنزم تیار کیا جائے گا جبکہ منصوبے کا پی سی-ون مکمل ہو چکا ہے اور ابتدائی منظوری کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رینکنگ مستقل فیچر کے طور پر ہر سال کارکردگی کی بنیاد پر اپڈیٹ کی جائے گی۔ درجہ بندی کے نتائج کی بنیاد پر جامعات کی فنڈنگ اور پالیسی سازی بھی کی جائے گی۔
حکومتی ترجمان کے مطابق اس نئے ریٹنگ سسٹم کا مقصد تعلیمی معیار میں بہتری، مسابقت اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔