ویب ڈیسک:پتوکی کے علاقے حبیب آباد میں اونچی آواز میں گانا لگانے پر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی دکان پر اونچی آواز میں میڈم نور جہاں کے پنجابی گانے لگائے ہوئے تھے۔
پولیس اہلکار گشت کے دوران جاوید نگر بائی پاس کے قریب پہنچے تو وہاں پر کچھ دکانداروں نے شکایت کی کہ ملزم فاروق نے اپنی دکان پر اونچی آواز میں گانے لگا رکھے ہیں جس سے ارد گرد کے لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔
پولیس نے دفعہ 144 اور پنجاب ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم فاروق کو گرفتار کر کے اس کا ایمپلی فائر اور اسپیکر بھی قبضے میں لے کر تھانہ صدر پتوکی میں پنجاب ساؤنڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا ۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل لاہور میں بھی گاڑی میں اونچی آواز میں گانا جانجر دی پاواں جھنکار سننے پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔