(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پرغیر قانونی جوئے کی تشہیر کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظورہوگئی ۔
ڈکی بھائی کے کیس کی ضمانت کی درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے کی، دلائل سننے کے بعد عدالت نے ڈکی بھائی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دس لاکھ روپے کے مچلکوں کی شرط پر رہا کرنے کا حکم دےدیا۔
یاد رہے کہ ڈکی بھائی پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے غیر قانونی جوئے کی ایپلیکیشنز کی تشہیر کی، جس کے تحت 17 اگست کی شب نیشنل کرائم ایجنسی لاہور نے ریاست کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
واضح رہے کہ یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ اروب جتوئی کی شکایت پر سائبر کرائم ایجنسی کے 9 افسران کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا،ایف آئی آر کے مطابق ان افسران نے ڈکی بھائی کو سوشل میڈیا کے ذریعے جوئے کی ایپس کو فروغ دینے کے مقدمے میں گرفتار کیا اور پھر ان سے کروڑوں روپے رشوت لی اور ان کے اکاؤنٹ سے ڈالر بھی اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیے۔