ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کی مہم تیز، پنجاب بھر میں آگاہی مہم شروع

جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کی مہم تیز، پنجاب بھر میں آگاہی مہم شروع
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی: پنجاب ٹریفک پولیس نے نوجوانوں میں قانونی ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا اور اس سے متعلق آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر ایس ایس پی سید ندیم عباس نے تمام چیف ٹریفک آفیسرز (CTOs) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (DPOs) کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے حصول کے طریقہ کار، اہلیت اور فوائد سے متعلق عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق بینرز، فلیکسز، اسٹریمرز اور دیگر تشہیری مواد نمایاں عوامی مقامات، تعلیمی اداروں اور ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز میں آویزاں کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں اور ان کے والدین کو اس سہولت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔

مزید برآں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے طریقہ کار اور اس کے فوائد کو اجاگر کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیمیں مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کر کے طلبہ اور والدین کو قانونی ڈرائیونگ کی اہمیت اور پرمٹ کے حصول کے عمل سے متعلق معلومات فراہم کریں گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ آگاہی مہم کا مقصد نوجوانوں کو قانونی طریقہ کار کے تحت ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کی ترغیب دینا اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کر کے قانون کے مطابق موٹر سائیکل چلائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔