سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس ملزموں کی گرفتاری کے قریب ہے ۔
سٹی فورٹی ٹو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس جلد ملزموں کو قانون کی گرفت میں لیکر عوام کو اچھی خبر سنائیں گے۔ جو لوگ ملک میں انتشار پھیلانا اور پاکستان کو انڈرپریشر لانا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے۔ پاکستان کبھی کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔ افغانستا ن بارڈ ر پر چھیاسی فیصد اورایران بارڈر پر چھیالیس فیصد فینسنگ ہوگئی ہے۔ ایران بارڈر پر ایک سال تک باڑ کا کام مکمل کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں سیاسی اورمعاشی استحکام آیا ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کو یہ چیز ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ دشمنوں نے دہشت گردی کے راستے کو اپنانا شروع کیا ہےجبکہ وہ ناکام ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ مل کر اس ملک میں امن استحکام اورترقی کاسفر جاری رکھیں گے۔