سٹی 42: لاہور میں حالیہ بارش کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود شہر کی متعدد سڑکوں سے پانی نہ نکالا جا سکا۔ جوہر ٹاؤن کی مصروف یو ایم ٹی روڈ پر اب بھی دو فٹ تک پانی جمع ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پانی کھڑا ہونے سے موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہو رہی ہیں، جبکہ پیدل گزرنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ مسلسل پانی جمع رہنے سے کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ سڑک پر واقع یونیورسٹی آنے جانے والے طلبہ کو بھی روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش رکے کافی وقت گزر چکا ہے، لیکن واسا تاحال نکاسی آب یقینی بنانے میں ناکام ہے، جبکہ سیوریج لائنیں بھی ناکارہ ہو چکی ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر پانی کی نکاسی اور سیوریج نظام کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔