ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا اچانک دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ون ونڈو سیل میں خاتون نے عوام کی دن رات خدمت پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو دعائیں دیں۔ خاتون نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کرر ہے ہیں۔ آپ سکول، ہسپتال اور ہر جگہ نظرآتے ہیں۔ ہم آپ کو ہر جگہ دیکھتے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ہمت دے۔ آپ کے لئے دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔ آپ کو ہسپتالوں میں اور دیگر مقامات پر دورے کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
ایک اور بزرگ شہری نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہ آپ کوون ونڈوسیل میں دیکھ کر خوشی ہوئی، ٹیم کے ساتھ ملکر بہتری لانے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو سیل میں موجود مرد و خواتین سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے ون ونڈو سیل کی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک شہری کی جانب سے چکرلگوانے کی شکایت پر متعلقہ افسر کو فوری طلب کر لیا اور شکایت کے فوری ازالے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے ایک شہری کا دو سال سے زیر التواء مسئلہ 4 روز کے اندر حل کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی ایل ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازم کی اہلیہ کی درخواست پر پلاٹ کی الاٹمنٹ کا معاملہ جلد حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ نے ایل ڈی اے حکام کو شہریوں کے امور افوری طور پر نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ایل ڈی اے سے متعلق معاملات نمٹانے میں غیر ضروری تاخیر نہ کیا جائے۔ ون ونڈو سیل کی کارکردگی پہلے سے بہت بہتر ہے تاہم مزید بہتری کی گنجائش ہے۔ پوری کوشش ہے کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے ون ونڈو سیل کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔