10 سال بعد داتا دربار بیسمنٹ کی پارکنگ کھولنے کا اعلان

10 سال بعد داتا دربار بیسمنٹ کی پارکنگ کھولنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

بھاٹی گیٹ (راؤ دلشاد) کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن ذوالفقار احمد گھمن نے چیف کارپوریشن آفیسر شوکت علی کے ہمراہ داتا دربار اپ لفٹنگ پراجیکٹ کی آن سائٹ کا دورہ کیا اور10سال بعد داتا دربار کی بیسمنٹ کی بند پارکنگ کھولنے دینے کا اعلان کیا، داتا دربار کی بیسمنٹ پارکنگ 1992 میں بنائی گئی تھی۔

کمشنر لاہور ڈویژن ذوالفقار گھمن کا کہنا تھا کہ 2010 میں سکیورٹی کے پیش نظر پابندی عائد کر دی گئی، دس سال بعد ایجنسیز کی اجازت مل گئی ہے، بیسمنٹ میں دو سو گاڑیاں کھڑی ہو سکتی ہیں، داتا دربار کی پارکنگ کھلنے سے ٹریفک مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ داتا دربار پر آج سے کام کا آغاز ہو گیا،باقاعدہ سنگ بنیاد کی تقریب بھی ہو گی، پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کئے جا چکے ہیں، داتا دربار کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا خودکار نظام نصب کیا جائیگا۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ نئے پراجیکٹ میں زائرین کے سامان کی چیکنگ کیلئے سکینرز بھی لگیں گے ، داتا دربار کے سامنے والی سڑک بھی 8 تا 10 فٹ مزید کشادہ ہو گی، داتا دربار اپ لفٹ ڈیزائن پر 4 کروڑ 78لاکھ روپے لاگت آئیگی، داتا دربار میں داخلی راستے پر خصوصی سکیورٹی وال بنے گی۔

بعدازاں کمشنر ذوالفقار احمد گھمن نے لاری اڈہ سرکلر روڈ اور شاہ محمد غوث لائبریری کے دورے کئے ،انہوں نے کہا کہ لاری اڈہ ڈرین اور انتظار گاہ کا کام اسی ہفتے شروع کیا جائے،لاری اڈا بادامی باغ کی 220 کنال اراضی پر بسوں کے نظام کو جدید بنانے کی اشد ضرورت ہے، شاہ محمد غوث لائبریری کو ازسر نو خوبصورت دارالمطالعہ بنایا جائے گا، لائبریری میں خواتین کیلئے مخصوص حصہ بنانے کیلئے آرکیٹکٹ پلان کیاجائے،سی سی او ایم سی ایل شوکت علی، ایڈیشنل کمشنر امان انور قدوائی،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار، ایڈمنسٹریڑ لاری اڈا، ایم او انفراسٹرکچر و دیگر افسر بھی ہمراہ تھے۔

Sughra Afzal

Content Writer