کورونا وائرس خطرناک ہوگیا،ریکارڈ ہلاکتیں

کورونا وائرس خطرناک ہوگیا،ریکارڈ ہلاکتیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : کورونا وائرس خطرناک ہوگیا،ایک دن میں ریکارڈ ہلاکتیں سامنے آگئیں۔

پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک روز میں ریکارڈ 59 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔  


پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 38983 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2665 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں وبا سے مزید 59 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 662 ہو گئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.8 فیصد رہی۔کورونا کی پہلی لہر میں 13 جولائی کو پاکستان میں ایک روز کے دوران 2769 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد اب تقریباً 4 ماہ بعد تعداد 2665 پر جا پہنچی ہے۔


سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7662 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 74 ہزار 173 تک جا پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 897 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

یاد رہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز  پیش کرے گی کہ اسکول بند کر دیے جائیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے بڑھتی اموات اور کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر وفاقی حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ 25 نومبر سے اسکول بند کر دیے جائیں۔نجی ٹی وی  کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تجویز ہے کہ کیمپس کے بجائے گھر  پر  پڑھائی شروع کی جائے۔اساتذہ اسکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن اسکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer