راو دلشاد: پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات پنجاب کنول لیاقت نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا سامنا کر رہی ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
حفیظ سینٹر میں ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھٹہ انڈسٹری کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا چکا ہے، 75 مائیکرون سے کم موٹائی والے غیر معیاری پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد ہے، کیونکہ یہ سیوریج سسٹم، زمینی اور آبی آلودگی کا باعث بنتے ہیں۔
اس موقع پر ڈ ی جی ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 3.5 ملین ٹن پلاسٹک کچرا پیدا ہوتا ہے جبکہ مائیکرو پلاسٹک انسانی صحت کیلئے بھی خطرناک ہیں اور مختلف بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 75 مائیکرون سے زیادہ موٹے پلاسٹک بیگز کو دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ صنعتی فضلے اور دھوئیں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔