افشاں رضوان: لاہور کے علاقے مغلپورہ گنج بازار کے مکین پینے کے صاف پانی سے محروم ہو گئے، جہاں علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ ایک سال سے گھروں اور مسجد میں سیوریج ملا آلودہ پانی سپلائی کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات درج کروانے کے باوجود مسئلہ تاحال حل نہیں کیا جا سکا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گندے اور بدبودار پانی کے استعمال کے باعث مختلف بیماریاں پھیلنا شروع ہو گئی ہیں، جبکہ بچوں اور بزرگوں کی صحت کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔ متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ پینے، کھانا پکانے اور وضو کیلئے بھی صاف پانی دستیاب نہیں، جس سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
مقامی رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پانی کی لائنوں کی جانچ پڑتال کر کے سیوریج ملا پانی بند کیا جائے اور علاقے میں صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری مزید مشکلات اور بیماریوں سے بچ سکیں۔