ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جعلی لنکس اور کیو آر کوڈز، بجلی صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی

جعلی لنکس اور کیو آر کوڈز، بجلی صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کیلئے دی جانے والی سبسڈی اسکیم کو سائبر جرائم پیشہ عناصر نے بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ جعلی لنکس اور کیو آر کوڈز کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات چوری کیے جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن نے اس حوالے سے عوام کیلئے خصوصی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہیکرز سبسڈی کے نام پر صارفین کو ایک مشکوک لنک بھیجتے ہیں، جہاں انہیں مختلف مراحل میں اپنی معلومات درج کرنے کا کہا جاتا ہے۔

ترجمان کے مطابق صارفین سے معلومات حاصل کرنے کے بعد انہیں اسی لنک پر 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ درج کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے، جس کے ذریعے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض عناصر جعلی کیو آر کوڈز استعمال کرکے شہریوں کو دھوکا دینے اور ان کی معلومات چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس معاملے سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

پاور ڈویژن نے واضح کیا کہ بجلی کے بل سے متعلق معلومات صرف متعلقہ اور سرکاری نظام میں ہی درج کی جا سکتی ہیں، کسی غیر متعلقہ پلیٹ فارم یا لنک پر معلومات فراہم کرنا غیر قانونی اور خطرناک عمل ہے۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سبسڈی یا رعایت کے نام پر کسی بھی ڈیجیٹل فارم، لنک یا کاغذ پر اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے گریز کریں اور مشکوک پیغامات سے محتاط رہیں۔