سٹی 42:مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر فرانسیسی ایئرلائن نے خطے کے مختلف ممالک کے لیے اپنی متعدد پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری نئے نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف شہروں کے لیے پروازوں کی معطلی کی مدت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے پروازیں 24 جولائی تک معطل رہیں گی، جبکہ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے لیے پروازوں کی معطلی 27 جولائی تک برقرار رہے گی۔
اسی طرح لبنان کے دارالحکومت بیروت کے لیے پروازوں کی معطلی میں مزید توسیع کرتے ہوئے اسے 2 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
فرانسیسی ایئرلائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں، جبکہ متاثرہ مسافروں کو بکنگ میں تبدیلی یا ریفنڈ سے متعلق معلومات متعلقہ ذرائع سے حاصل کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔