وفاق اور پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا

وفاق اور پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) وفاق اور پنجاب حکومت نے منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے ایوان اعلیٰ میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور منشیات کے خاتمے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں منشیات کے دھندے کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ طورپر اقدامات اٹھانے پراتفاق کیا گیا۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نے فیصلہ کیا کہ منشیات کے مکروہ دھندے کے خاتمے کیلئے مل کر موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اور وفاق منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کریں گے، منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی، پولیس، ایکسائز اور متعلقہ محکمے انسداد منشیات فورس کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریں گے۔ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں، منشیات فروشی کے خلاف پنجاب میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

 عثمان بزدار نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے، نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی، اداروں کے خلاف پراپیگنڈا قابل مذمت اور افسوسناک ہے ۔

وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ منشیات کی خریدو فروخت کرنے والے عناصر رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ مل کرمنشیات کا دھندہ کرنے والے عناصرکو قانون کی گرفت میں لائیں گے، منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی ہوگی۔

Sughra Afzal

Content Writer