ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وادی کالاش؛ امریکی شکاری نے مارخور کا کامیاب شکارکرلیا

وادی کالاش؛ امریکی شکاری نے مارخور کا کامیاب شکارکرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :خیبرپختونخو کے شہر چترال میں وادی کالاش کے علاقے رمبور میں امریکی شکاری نے نان ایکسپورٹیبل مارخور کا کامیاب شکار کیا جس پر مقامی لوگوں نے جشن منایا۔

 ڈی ایف او  وائلڈ لائف رضوان اللہ یوسفزئی کے مطابق رواں سال کایہ تیسرا اور رمبور وادی میں پہلا نان ایکسپورٹ ایبل شکار  تھا،  جس کی سینگوں کی لمبائی 42 انچ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شکار کے سینگ اور  کھال کو  باہر نہیں لے جایاجاسکتا۔

 گول نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈویژن کے ڈی ایف او رضوان اللہ یوسفزئی کی نگرانی میں کالاش وادی میں پہلا نان ایکسپورٹیبل شکار کیا گیا۔ امریکی شکاری جیمز واکر کرافورڈ  نے 42 ہزار 500 امریکی ڈالر (تقریباًایک کروڑ 19 لاکھ روپے)  ادا کرکے 10 سال کی عمر کے مارخور کا شکار کیا،  جس میں مقامی وائلڈ لائف حکام اور کمیونٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔

رضوان اللہ یوسفزئی نے کہا کہ یہ شکار اس علاقے میں کامیاب کنزرویشن کا نتیجہ ہے، جہاں مستقبل میں ایکسپورٹیبل ہنٹنگ پرمٹ بھی جاری کیا جائےگا۔

 وہاں کے رہائشی باشندوں نے مقامی روایات کے مطابق شکاری، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور کمیونٹی نمائندوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا، اس موقع پر خصوصی جشن کا اہتمام بھی کیا گیا۔ علاقے میں پہلی بار مارخور کے شکار پر کیلاشی مرد اور خواتین نے روایتی ڈانس کرکے خوشی کا اظہار کیا۔

مارخور  ایک قسم کا جنگلی بکرا جس کے سینگوں کا طول چار فٹ ہوتا ہے اور یہ گلگت اور کوہِ سلیمان میں پایا جاتا ہے، سانپ کھانا اسے مرغوب ہوتا ہے۔ مارخور کا نام تھوڑا عجیب ہے۔ پشتو اور فارسی زبان میں "مار" کے معنی ہیں سانپ اور " خور" سے مراد ہے کھانے والا یعنی " سانپ کھانے والا جانور"۔ ویسے یہ ایک چرندہ ہے اور سانپ نہیں کھا سکتا۔ اس کی وجہ تسمیہ شاید اس کے بَل دار سینگوں کی سانپ سے مشابہت ہو سکتی ہے یا اس جانور کا سانپوں کو مارنا۔ مقامی لوک کہانیوں کے مطابق مارخور سانپ کو مار کر اس کو چبا جاتا ہے اور اس جگالی کے نتیجے میں اس کے منہ سے جھاگ نکلتی ہے جو نیچے گر کر خشک اور سخت ہو جاتی ہے۔ لوگ یہ خشک جھاگ ڈھونڈتے ہیں اور اس کو سانپ کے کاٹنے کے علاج میں استعمال کرتے ہیں۔