سٹی42: محکمہ موسمیات نے آج لاہور میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی آمد کے موقع پر شہر کے آسمان پر جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
لاہور میں آج سابق وزیراعظم ور مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کی آمد کے موقع پر مینار پاکستان پر بڑے استقبالی جلسہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی لاہور کیلئے فور کاسٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج ہفتہ کےروز لاہور شہر کے آسمان پر ہلکے بادل موجود رہنے کا امکان ہے۔ آج ہفتہ کے روز پنجاب کے بیشتر شمالی اور وسطی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ مری ، گلیات ، راولپنڈی، اٹک، جہلم ، چکوال، میانوالی،بھکر ،لیہ، سرگودھا ، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال،گجرات، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان ، بہاولپور اور بہاولنگر میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی فور کاسٹ کے مطابق لاہور میں جمعہ اور ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
موسم کی ایک ویب سائٹ ویدر سِٹی نے لاہور کے متعلق آج ہفتہ کے روز کے لئے فور کاسٹ مں آسمان پر بادل موجود رہنے تاہم زیادہ وقت دھوپ موجود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ویدر سِٹی کے مطابق سہ پہر کو لاہور میں آسمان پر بادلوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور شام کے وقت کہیں کہیں معمولی بارش اور ہلکے تھنڈر سٹارم کا بھی امکان ہے۔