سٹی42: یورپ کےکئی ایئرپورٹس پر سائبر حملہ، فلائٹس میں تاخیر ہونے سے جہازوں کی قطاریں لگ گئیں۔
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ نے ایڈوائزری جاری کر کے کہا ہے کہ تکنیکی مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی پرواز کے بارے میں معلومات حاصل کر لیں۔
یورپ کے کئی ایئرپورٹس پر سائبر حملہ کی خبروں نے ہلچل پیدا کر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لندن اور بروسیلز سمیت یورپی ملکوں کے کئی بڑے ایئرپورٹس پر یہ حملہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے پروازوں میں رخنہ پیدا ہو گیا ہے۔
کئی پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے اور کئی طیارے تو ہنوز پرواز کیلئے اجازت ملنےکا انتظار کر رہے ہیں۔ عالمی سطح پر ہوائی اڈوں اور ایئرلائنز کے لیے سسٹم آپریٹ کرنے والی کمپنی ’کالنس ایئرواسپیس‘ نے سائبر حملے سے متعلق تکنیکی خامی کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
انگلینڈ کا ہیتھرو ائیرپورٹ
اس درمیان ہیتھرو ایئرپورٹ نے مسافروں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایڈوائزری جاری کی ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ تکنیکی مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی پرواز سے متعلق ایئرلائن سے تازہ ترین صورتحال جان لیں۔
مسافروں سے کہا جا رہا ہے کہ طویل پروازوں کے لیے 3 گھنٹے قبل اور ڈومیسٹک(انگلینڈ کے اندر) پروازوں کے لیے 2 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پر پہنچیں۔ ہیتھیرو ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ چیک اِن والے حصوں میں اضافی سٹاف کی تعیناتی کی گئی ہے تاکہ مسافروں کی مدد ہو سکے اور پریشانیاں بڑھنے نہ پائیں۔ ایئرپورٹ نے ابھی تک ہوئی پریشانی کے لیے معذرت بھی کی ہے۔
بیلجئیم کا برسیلز ائیرپورٹ
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بروسیلز ایئرپورٹ نے مطلع کیا ہے کہ سائبر حملہ کے سبب آٹومیٹک چیک اِن اور بورڈنگ سہولیات بند ہو گئی ہیں۔ اس وجہ سے ملازمین کو مینوئل طریقے سے کام کرنا پڑ رہا ہے۔ اس عمل میں زیادہ وقت لگ رہا ہے اور مسافروں کا ہجوم ہو گیا ہے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ چیک ان میں تاخیر سے پروازوں پر بھی اثر پڑا ہے اور کئی طیاروں کی تاخیر سے پرواز ہوئی ہے۔ کچھ پروازوں کو کینسل بھی کرنا پڑا ہے، جس سے مسافروں کو بے انتہا دقتیں ہوئی ہیں۔
جرمنی کابرلن ائیر پورٹ
دوسری طرف برلن ایئرپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر اطلاع دی ہے کہ یورپ بھر میں کام کرنے والے ایک سسٹم پرووائیڈر میں تکنیکی دقت کے سبب چیک اِن میں طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ ایئرپورٹ نے یہ بھی مطلع کیا کہ مسئلہ کا حل تلاش کیا جا رہا ہے، اور جلد ہی پیدا ہوئی خامی کو دور کر لیا جائے گا۔
اس خبر کی نئی تفصیلات دستیاب ہوتے ہی، انہیں نئی خبر کی شکل میں شائع کر دیا جائے گا۔ مزید جاننے کے لئے اس تھریڈ کو دیکھتے رہیئے۔
Airports
Cyber Attack
Brussels
Advisory Issued