مہر عمران:حکومت پنجاب نے انسانی جانوں کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے عیدالفطر کے موقع پر ملتان سمیت صوبہ بھر میں عارضی مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میلوں، فیسٹیولز اور عارضی مقامات پر لگنے والے تمام تفریحی جھولے بند رہیں گے، جبکہ پارکوں میں مستقل بنیادوں پر نصب جھولوں کو صرف فٹنس سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر چلانے کی اجازت دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ ملتان نے بھی اس حوالے سے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق نے تمام جھولوں کی سیفٹی چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
حکام کے مطابق بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ جھولے چلانے والے منتظمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکہ سحر کی زیرِ نگرانی خصوصی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک کر دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر چیکنگ کر رہی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید کے دوران شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام تفریحی سرگرمیوں کو مقررہ حفاظتی اصولوں کے مطابق چلایا جائے گا۔