کلیم اختر:سیلز ٹیکس کی ادائیگی میں خردبرد اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پی آر اے کی انفورسمنٹ ٹیمیں متحرک رہیں اور مختلف شہروں میں 31 کاروباری مقامات کے سیلز ریکارڈ کی تفصیلی چھان بین کی گئی۔
کارروائیوں کے دوران 8 ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کے سیلز ریکارڈ ضبط کر لیے گئے جبکہ سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی اور بے ضابطگیوں پر 17 کاروباری یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔ اسی طرح 6 مارکیز اور شادی ہالز کو ای الیکٹرانک انوائسنگ مینجمنٹ سسٹم (EIMS) کے استعمال نہ کرنے پر وارننگ نوٹسز دیے گئے۔
پی آر اے کی جانب سے یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان میں کی گئیں۔ حکام کے مطابق نوٹسز کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے اور سیلز ریکارڈ میں خردبرد کے شواہد سامنے آنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کی جانب سے ادا کیا جانے والا ٹیکس حکومت کی امانت ہے، جس کی بروقت اور شفاف ادائیگی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔