فیاض الحسن چوہان کا (ن) لیگی رہنماؤں کی پریس کا نفرنس پر سخت ردعمل

فیاض الحسن چوہان کا (ن) لیگی رہنماؤں کی پریس کا نفرنس پر سخت ردعمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ( ن) لیگی قائدین کی پریس کانفرنس رہی سہی عزت بچانے کی ناکام کوشش تھی، اقتدار سے دوری کا دکھ (ن) لیگی رہنماؤں کےالفاظ سے صاف ظاہر ہوتا ہے۔

وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے (ن) لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت کی کارکردگی پر بے سروپا تبصرہ پانی میں پکوڑے تلنے کے مترادف ہے، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا قائد خود عدالتوں سے مفرور ہے، عدالتیں اور تحقیقاتی ادارے"کوئی جائے تو لے آۓ میری لاکھ دعائیں پائے" کے مصداق انہیں ڈھونڈ رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بچی کھچی(ن) لیگ اپنے آقاؤں کی مفروری سے توجہ ہٹانے کے لیے لمبی لمبی ہانک رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ( ن) لیگی دور میں کسانوں کو گنے کے طے شدہ 180 روپے کی بجائے130 روپے فی من ریٹ دیا جاتا تھا، اس غبن سے (ن) لیگی شوگر مل مالکان نے لاچار کسانوں سے اربوں روپے کی دیہاڑیاں لگائیں۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کوعوام کے سامنے رکھا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے حقوق کی باتیں لغاری خاندان کے سپوت کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں، پی ٹی آئی حکومت نے بہاولپور کے الحاق کا فیصلہ نئی بننے والی اسمبلی کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے۔

واضح رہےکہ ماڈل ٹاؤن سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی رہائشگاہ پرسیکرٹری اطلاعات پنجاب مسلم لیگ(ن) عظمیٰ بخاری اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن) اویس لغاری نے پریس کانفرنس کی،عمران حکومت کے دو سالوں کو ناکامی کے سال قرار دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کو پرائمری سکول بنا دیا گیا، موجودہ حکومت نے ترجمان کی فوج بنادی اور پرفارمنس زیرو ہے۔

جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) اویس لغاری نے کہا کہ حکومت نے دو سال میں چینی کی قیمت 65 روپے سے 120 روپے فی کلو تک پہنچا دی، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے گندم خریداری میں اربوں روپے کے گھپلے کرائے، دو سالوں میں آزادی صحافت پر بری طرح حملے کیے گئے۔

Sughra Afzal

Content Writer