ملک میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری

weather situation
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لاہور: خیبر پختونخوا، پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ روز سے گرچ چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں آہستہ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پنجاب کے علاقے لاہور، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، میلسی، جہانیاں، لیہ، چکوال، وہاڑی، ٹبہ سلطان، جتوئی سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں میں نیشی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ لیہ کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔

موسلا دھار بارش نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا اور بارش کا پانی گھروں میں گھس آیا جبکہ گاڑیاں پانی میں تیرنے لگیں۔ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد کے علاقے میں بھی پانی بھر گیا۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اولے بھی گرے۔

آزاد کشمیر میں بھی موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔ بھمبر کے علاقے برنالہ کی گلیوں اور بازاروں میں پانی بھر گیا جبکہ ایک کار نالے میں گر گئی جسے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔

کوٹلی میں پانی دکانوں اور گھروں میں گھسنے سے قیمتی سامان خراب ہو گیا جبکہ وادی لیپہ میں گزشتہ 4 روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

لاہورمیں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ  جاری ،موسم میں بہتری ریکارڈ ، درجہ حرارت 27 ریکارڈ کیا گیا ۔ماہرین کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد اور ہوا کی رفتار 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کے حساب سے چل رہی ۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 25 اور زیادہ سے زیادہ 33 تک جائے گا۔

ماہرین کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم میں تبدیلیاں ہونگی ، بارش کے حوالے سے فی الوقت 20 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے۔