ارشد ملک جیسا جج کون لگانا چاہتے ہیں، رانا ثنا اللہ نے بتا دیا

 ارشد ملک جیسا جج کون لگانا چاہتے ہیں، رانا ثنا اللہ نے بتا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شاہین عتیق: مسلم لیگی رہنمااور سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے حکومتی احتساب کی حقیقت عوام پرعیاں ہو گئی ہے، وفاقی وزیر قانون ہائیکورٹ سے ججز کے نام آنے کے باوجود جان بوجھ کر ججز کے نام فائنل نہیں کررہے، اس لیے وہ ارشد ملک جیسا جج لگانا چاہتے ہیں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تین سال کا عرصہ ہو چکا ہے، عمران خان کا انتقامی احتساب عیاں ہو چکا ہے۔حکومت نے انتقامی احتساب کے علاوہ ابھی تک کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے اپنی صوابدید کے تحت ججز کیلئے نام بھیجے مگر وزیر قانون اپنی مرضی کے ججز کی تعیناتی کروانا چاہتے ہیں۔

وزیر قانون ارشد ملک کی طرح کے ججز کی تقرری چاہتے ہیں، ارشد ملک نے مرنے سے پہلے توبہ کی اور نواز شریف کے پاس جا کربتایا کہ سزا دینے کیلئے کتنا دباو ڈالا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ان کو نیب سے کچھ نہیں ملا تو ایف آئی اے کو پیچھے لگا دیا۔حکومت جہانگیر ترین کو این آر او دے کر اپنا بجٹ پاس کروانے کی کوشش میں ہے۔ 

واضح رہے سپیشل جج اینٹی نارکوٹکس کی عدالت میں اے این ایف نے، سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ اور دیگر کیخلاف چالان پیش کر رکھا ہے۔ چالان ایک سال قبل پیش کیا گیا۔ عدالت میں دوران سماعت جج نہ ہونے کی وجہ سے رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، ڈیوٹی جج خالد بشیر نے رانا ثنا اللہ اور دیگر پانچ ساتھیوں کی حاضری کے بعد سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی۔