وزیراعظم کا براڈ شیٹ معاہدہ عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ

وزیراعظم کا براڈ شیٹ معاہدہ عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ براڈ شیٹ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں معاون خصوصی داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے براڈ شیٹ کیس پر بریفنگ دی۔

 وزیراعظم  نے براڈشیٹ کے معاملے کو تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق منظرعام پر لائے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کمپنی تو 20 سال پہلے کے اثاثوں کی تحقیقات کر رہی تھی، گزشتہ 10 سال دور کا حساب تو ابھی ہونا ہے، ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

اجلاس میں پی ڈی ایم جلسے پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کی اجازت دی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ معاملہ اٹھایا جانا خوش آئند ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو عوام کی فنڈنگ سے وجود میں آئی، فخر ہے کہ ہماری جماعت کو مافیا نے اسپانسر نہیں کیا، مافیا نے پیسہ لگایا ہوتا تو ہم ان کے سامنے جھک جاتے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ براڈ شیٹ معاملے پر وزیراعظم نے تین رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی کے کنوینیئر شبلی فراز ہوں گے جب کہ شیریں مزاری، فواد چوہدری کمیٹی میں شامل ہیں۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کمیٹی کابینہ کو 48 گھنٹوں میں براڈشیٹ معاملے پر سفارشات پیش کرے گی۔ اس معاملے میں فائدہ دینے والے اور فائدہ اٹھانے والے تمام لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer