سٹی42: موسم کے ماہرین بتا رہے ہیں کہ کل بدھ کے روز کراچی میں آج سے زیادہ بارش ہو گی۔
کراچی میں مقیم موسم کے ماہرِ جواد میمن نے بتایا کہ آج کے مقابلے میں کل(بدھ کو) مزید تیز بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ حکومت اس صورتحال کی پیش بینی کرتے ہوئے کل بدھ کے روز عام تعطیل کا حکم دے چکی ہے۔
جواد میمن نے یاد دلایا کہ وسطی بھارت میں موجود ڈیپریشن شدت اختیار کر رہا ہے، یہ ڈیپریشن ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ ایک لو پریشر پہلے سے بھارتی علاقے میں موجود ہے، کل شام تک یہ سسٹم آپس میں مل سکتے ہیں۔ ان کا امپیکٹ پاکستانی علاقہ تک آ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس سسٹم کے تحت بدھ اور جمعرات کو کراچی میں تیز موسلا دھار بارش کا امکان رہے گا۔
آج منگل کی رات تک کراچی کے بیشتر مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے۔